کینٹ بورڈضمنی الیکشن:ن لیگ راولپنڈی،پی ٹی آئی واہ میں کامیاب
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ اورواہ کینٹ کے دوحلقوں میں پی ٹی آئی نے میدان مارلیا، کامیاب امیدواروں کے حامیوں کا جشن، ہوائی فائرنگ اورآتش بازی بھی کی۔وارڈ 6کے ضمنی انتخابات میں 8امیدوارمیدان میں تھے۔
مجموعی طور پر36 ہزار 534 ووٹوں میں سے 6 ہزار 293 ووٹ کاسٹ ہوئے ،اسطرح ٹرن آؤٹ 20فیصد رہا ، غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق راولپنڈی کے وارڈ نمبر 6کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار نے حاجی طارق راجپوت 2011 ووٹ لیکرپہلے ، جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ امیدوار جبران حیدر 1329 ووٹ حاصل کرکے دوسرے اور تحریک انصاف کے امیدوار پیر زادہ ذیشان علی 1284 ووٹ لیکرتیسرے نمبرپررہے ، پیپلز پارٹی کے عدیل اعظم بٹ نے 900، تحریک لبیک پاکستان کے ملک عبدالرؤف نے 705 ، آزاد امیدواروں اعجاز احمد نے 39، طیب افتخار نے 6 اور ذیشان نے 9 ووٹ حاصل کیے ، اس وارڈ میں 27 پولنگ اسٹیشن بنائے گے تھے جبکہ دو پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیاگیا تھا تاہم پولنگ کاعمل پرامن رہا،ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل سی آئی او کنٹونمنٹ بورڈ حیدر شجاع نے نتائج مرتب کیے ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق واہ کینٹ کے وارڈ نمبر چارکے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امجد کشمیری نے 2539 ووٹ لیکرکامیابی حاصل کی، مسلم لیگ ن کے ملک سلیم 2489 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ، وارڈ نمبر 8 واہ کینٹ میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار زاہد محمود 2747 ووٹ لے کرکامیاب ٹھہرے جبکہ مسلم لیگ ن کے پرویز اقبال 1443 ووٹ حاصل کرسکے ۔