پارلیمانی کمیٹی برائے نیشنل سکیورٹی تشکیل دی جائے ، رضا ربانی

پارلیمانی کمیٹی برائے نیشنل سکیورٹی  تشکیل دی جائے ، رضا ربانی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے نیشنل سکیورٹی فوری تشکیل دی جائے۔

اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ پریشان کن ہے اور ضرورت ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس پر توجہ دے اور تدارک کیا جائے ، یہ بات  تشویش ناک ہے کہ جامعات کے طلبا دہشت گردی کی اس لہر کی زد میں آ رہے ہیں اور خود کش بمبار بننے سے بھی دریغ نہیں کر رہے ہیں۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ریاست کی اپنے شہریوں کے ساتھ بے حسی اس بات کا تاثر دیتی ہے کہ اس کے پاس اپنے شہریوں کو دینے کے لیے کچھ بھی نہیں، دہشت گردی کے اس بیانیے کو شکست دینے کے لیے ایک متبادل نمونہ اختیار کرنا ہو گا جو کہ عملی طور پر نظر بھی آئے ، اب وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں چھوٹے چھوٹے معاملات کی الجھنوں سے نکلیں۔رضا ربانی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ قومی دھارے کی سیاسی جماعتیں بھی پڑھے لکھے نوجوان طبقے کو اپنی طرف راغب کرنے میں ناکام ہو چُکی ہیں۔سابق چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ ریاست کو چا ہیے کہ وہ اندرونی خامیوں کو تسلیم کرے اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کا ادراک کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں