سپین کے تعاون سے اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا:ملک احمد

 سپین کے تعاون سے اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا:ملک احمد

لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سپین سینیٹ کے 4رکنی وفدسے اسمبلی میں ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹرز ویکنٹ ایزپیٹیراٹ ، نطالیہ اسیرو ، انٹونونیو گتریز اور لوئیس ڈی لا پینا شامل تھے ۔

سپیکر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپین کے پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اور سپین کے بڑھتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔پارلیمانی وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ پارلیمانی سفارتکاری عالمی چیلنجز کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ پاکستان اور سپین کو اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرناچاہئیں۔ ثقافتی و تعلیمی تبادلوں سے عوامی روابط کو فروغ دینگے ۔ سپین کے تعاون سے پائیدار ترقی و اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا۔ سپیکر نے بتایا پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کا عمل نہایت شفاف ہوتا ہے ہر رکن کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ سپیکر نے کہا قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ مہمان وفدنے کہا دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان کے ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کرینگے ۔ قابل تجدید توانائی اور زراعت میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جائینگے ۔ پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنایاجائیگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں