چوروں و لٹیروں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا:حافظ نعیم
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا چوروں و لٹیروں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا چالیس سالہ دور حکومت ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے۔۔۔
ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پرناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، عوام اب بیدار اور فروری 2024کے الیکشن میں فیصلہ دے چکے ہیں، یہ حکومت فارم 47اور اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے ، ارکان جماعت قوم کو بڑے احتجاج کیلئے تیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واہ میں راولپنڈی ضلع کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا غیر اللہ کی حاکمیت میں اقامت دین کی جدوجہد فرض عین ہو جاتی ہے ۔اسلامی قوانین کو پس پشت ڈالنے کی وجہ سے ملک میں غربت وافلاس کی شرح بڑھ رہی ہے ۔دونوں بڑی جماعتیں کرپٹ مافیاز کی آماجگاہ ہیں۔عوام تیار ہوجائیں۔چوروں اور لٹیروں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے ۔انھوں نے کہا جماعت اسلامی حکومت کے ونٹر پیکیج کو پہلے ہی مسترد کرچکی ہے ۔بجلی اور گیس کے ٹیرف میں واضح کمی ہونے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انھوں نے کہا افغانستان اور پاکستان باہمی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔سرحدی تناؤ کسی مسئلہ کا حل نہیں۔فلسطین کے مسئلے پرحکومت دو ٹوک پالیسی اپنائے ۔ قائد اعظم کا فرمان ہی پاکستان کا واضح موقف ہے ۔ امیر شمالی پنجاب طارق سلیم ، امیر ضلع راولپنڈی عارف شیرازی نے بھی خطاب کیا۔