چیلنج ہے عمران خان نومبر میں رہا نہیں ہوسکیں گے ،واوڈا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے یہ آخری کال ہے ، اس کے بعد والا فیز سیکنڈ لاسٹ اور پھر آنے والا فیز لاسٹ ہوگا۔
ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا چیلنج ہے عمران خان نومبر میں رہا نہیں ہوسکیں گے ، ہمیشہ کی طرح تحریک انصاف کا یہ شو بھی فلاپ ہوگا۔ پی ٹی آئی اس وقت دھڑے بندی کا شکار ہے اور ایک ایم پی اے 50 لوگ بھی لے کر آگیا تو میں اس کو سلام پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس احتجاج میں ریاست 9 مئی کے مسنگ لوگوں کو تلاش کرے گی، اگر مراد سعید احتجاج میں آ گئے تو پھر عمران خان اور فیض حمید کو کوئی بچا نہیں سکے گا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ خیبرپختونخوا بھارت نہیں بلکہ پاکستان کا حصہ ہے ، اگر کے پی میں کوئی تماشا ہوا تو دھاوا بولنے میں دیر نہیں لگے گی۔