سموگ کم،لاہور ، ملتان میں بھی تعلیمی ادارے آج کھلیں گے
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، ایجو کیشن رپورٹر ، کامرس رپورٹر)سموگ اور فضائی آلودگی میں مزید کمی کے بعد لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا اعلان کردیا گیا،محکمہ ماحولیات کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے آج 20 نومبر سے کھلیں گے۔
فزیکل کلاسز کے ساتھ تدریسی عمل بحال ہوگا،سکول کھلنے کا وقت صبح 8:45 بجے سے پہلے نہیں ہوگا، طلبہ اور اساتذہ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے ، سکولوں میں بیرونی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ نوٹیفکیشن میں ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کیلئے کلاس وائز سکول کی چھٹی کا وقت متعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔خیال رہے بدترین فضائی آلودگی کے باعث 4 نومبر کو محکمہ ماحولیات نے سکولز پر پابندی سے حفاظتی اقدامات شروع کئے تھے ،12نومبر کو تمام کلاسز اور ہائر سیکنڈری کلاسزکو بھی فیزیکل حاضری سے روک دیا گیا اور آن لائن کلاسز سے تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔تاہم سموگ میں کمی کے بعد پھر سے تعلیمی عمل بحال کردیاگیا ہے ۔گزشتہ روز لاہور 185ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبرپر آگیا، پہلے نمبر پر 471سکور کے ساتھ نئی دہلی رہا، ملک کے آلودہ ترین شہروں میں بھی لاہور کا تیسرا نمبر ریکارڈ کیا گیاجبکہ ملتان 231سکور کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا، پشاور کا 204سکور کے ساتھ دوسرا نمبر رہا، اسلام آباد 127کے ساتھ ساتویں اور کراچی 113ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ آٹھویں نمبر پررہا ۔