ملٹری تحویل میں قید ملزم کی اہلِ خانہ سے ملاقات کی درخواست پر وزارت دفاع کو رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت
لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں ملٹری کی تحویل میں قید ملزم کی اہلِ خانہ سے ملاقات اور فون پر رابطے کے لیے دائر درخواست پرعدالت نے وزارت دفاع کو وفاقی حکومت کے ذریعے دو دن میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کردی عدالت نے کیس کی سماعت بارہ دسمبر تک ملتوی کر دی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد وحید خان نے کائنات گُل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ملزم محمد فرخ 9 مئی کے کیسز میں سیالکوٹ کینٹ میں ملٹری کی تحویل میں ہیں، ملزم محمد فرخ کی گھر والوں سے اڑھائی ماہ بعد ملاقات اور ایک ماہ بعد ٹیلیفونک رابطہ کروایا جا رہا، لہذا عدالت فریقین کو ملزم کو اس کے گھر والوں سے ملاقات اور رابطہ یقینی بنانے کا حکم دے ،عدالت ملزم کو قید تنہائی سے نکالنے کا حکم دے ۔