بانی پی ٹی آئی کا نئے کیس میں 5روزہ جسمانی ریمانڈ

 بانی پی ٹی آئی کا نئے کیس میں 5روزہ جسمانی ریمانڈ

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار ،اپنے نامہ نگار سے ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن کے دہشت گردی کے مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پانچ دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیو ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا ۔

 اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا سپیشل سرکل فور کو تھانہ نیو ٹاؤن قرار دیدیا گیا، 12 رکنی پولیس عملہ تین شفٹوں میں تعینات کر دیا گیا ۔ بانی پی ٹی آئی کو دوران ریمانڈ جیل میں ہی رکھا جائے گا ۔تفتیش شروع کر دی گئی ۔بانی پی ٹی آئی کو تھانہ نیو ٹاؤن میں درج 28 ستمبر کے دہشت گردی مقدمہ میں پولیس نے اڈیالہ جیل میں گرفتار کر لیا تھا ۔تفتیشی ٹیم کے انسپکٹر راشد کیانی نے انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو پیش ہو کر مقدمہ کی سماعت اڈیالہ جیل میں کرنے کی استدعا کی اور درخواست دی کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملزم کو عدالت پیش کرنا ممکن نہیں ۔ جس پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے پولیس کی استدعا منظور کرلی۔ بعدازاں اے ٹی سی جج امجد علی شاہ اڈیالہ جیل پہنچے جہاں عدالت کی کارروائی شروع کی گئی ۔پراسیکیوشن کی جانب سے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کا5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔ جبکہ ملزم کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر ، فیصل چودھری اور فیصل ملک نے ملزم کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی تحریری درخواست دی جس کو عدالت نے خارج کر دیا ۔عدالت نے ملزم کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ملزم سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کی جائے گی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں