بانی پی ٹی آئی سے دوسرے روز بھی پولیس کی تفتیش،15سوال کئے گئے

بانی پی ٹی آئی سے دوسرے روز بھی  پولیس کی تفتیش،15سوال کئے گئے

راولپنڈی (خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی پولیس نے 28ستمبرکو پی ٹی آئی کارکنوں کو پرتشدداحتجاج پر اکسانے کے الزام میں عمران خان سے گزشتہ روز بھی اڈیالہ جیل میں تفتیش کی ۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں راولپنڈی پولیس کے 3افسروں نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں گزشتہ روز دوسری بار تفتیش کی اور 15سوالات ان کے سامنے رکھ دئیے ۔ اڈیالہ جیل کے سیل کوتھانہ نیوٹاؤن ڈکلیئر کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے گزشتہ روز تفتیش کا تیسرا دن تھا،بانی پی ٹی آئی کیلئے 15 سوالات پہلے سے گرفتار اور جوڈیشل ہونے والے 23 ملزموں سے ہونے والی تفتیش کے تناظر میں تیار کئے گئے ۔تفتیشی ٹیم نے اڈیالہ جیل اور عدالت میں عمران خان سے ملاقاتیں کرنے والوں اورتحریک انصاف کے رہنماؤں کی تقاریر اور سوشل میڈیا پوسٹوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا، تفتیشی ٹیم کے پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی موجود ہے ۔تفتیشی ٹیم نے جو سوال تیارکئے تھے ان میں پوچھا گیاکہ 28 ستمبر کو آپ نے کال دی ،اس پر راولپنڈی میں پُرتشدد مظاہرے ہوئے ، آپ کا کیا موقف ہے ؟،مقامی لیڈر سیمابیہ طاہر و دیگر نے آپ کی کال پر پر تشدد مظاہرے کئے ، آپ کا کیا موقف ہے ؟،آپ کی رسائی جن افراد کیساتھ ہے ان کے ذریعے سے آپ کا موقف باہر جاتا ہے ، اس پر کیا کہتے ہیں؟،آپ نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو پر تشدد مظاہرے کرنے پر اکسایا، آپ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے کا کہا؟،جیل ذرائع نے بتایا کہ ٹیم نے تقریبا ایک گھنٹہ تک تفتیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں