ہندو یاتری مذہبی رسومات کیلئے آج پہنچیں گے ، بھارتی سکھ یاتری واپس روانہ

ہندو یاتری مذہبی رسومات کیلئے آج پہنچیں گے ، بھارتی سکھ یاتری واپس روانہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر )میر پور میتھلو سندھ میں واقع ہندو مذہب کے قدیمی تیرتھ شادانی دربار حیات پتافی کی یاترا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بھارت سے ہندو یاتری آ ج اتوار کو واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان داخل ہونگے ۔

 وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، اعلیٰ حکام اور مقامی ہندو رہنما مہمانوں کا استقبال کریں گے ۔ وفاقی حکومت اور چیئرمین بورڈ عطاالرحمٰن کی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی سکیورٹی رہائش،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔بورڈ ترجمان کے مطابق ہندو یاتری آ ج ہی سپیشل بسوں پر حیات پتافی جائینگے ، وہ سندھ میں دربار حیات پتافی ،میر پور میتھلو اور سکھر میں موجودقدیمی سادھو بیلہ مندر اور دیگر مذہبی مقامات کا دورہ کریں گے ۔دریں اثنا بابا گورو نانک کاجنم منانے کے بعد بھارتی سکھ یاتری خوبصورت یادیں لیے واپس لوٹ گئے ۔ واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے شرومنی گورو دوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار گر میت سنگھ نے کہاہم بہترین انتظامات اورمہمان نوازی پر وفاقی حکومت اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے مشکور ہیں، پاکستان اقلیت نواز ملک ہے ، ہمیں یہاں پر ہرطرح کی سہولیات میسر تھیں، پاکستان میں جتنی عزت ملی اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں