بانی پی ٹی آئی کی رہا ئی کے سوا چارہ نہیں: عارف علوی

 بانی پی ٹی آئی کی رہا ئی کے سوا چارہ نہیں: عارف علوی

پشاور(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنا پڑے گا اور حکومت کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ۔

 تحریک انصاف کے پشاور سے نکلنے والے قافلے میں شریک سابق صدر عارف علوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تک بانی پی ٹی آئی کی کوئی کال ناکام نہیں ہوئی، مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اورعدلیہ کوآزاد کرناہوگا، بانی پی ٹی آئی نے آج تک کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، اسی لیے اگر الیکشن کے دن 70 فیصد لوگ ہمارے ساتھ تھے تو آج 90 فیصد لوگ ہمارے ساتھ ہیں ۔سابق صدر کا کہنا تھا دنیا سوال اٹھا رہی ہے کہ یہ لوگ اپنے ملک کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے لیے جان دینے کو تیار ہوں۔ ادھر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی سلطنت کو دوام دینے کیلئے چچا بھتیجی لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حواس باختہ حکومت نے پاکستان کو کنٹینرستان بنایا ہوا ہے ، کنٹینرز کے پہاڑ کھڑے کرنے سمیت خندقیں بھی کھودی گئی ہیں، جعلی حکومت نے لاشیں گرانے کا پلان بنایا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں کنٹینرز پر سبز کپڑا چڑھانا جعلی حکومت کے مذموم عزائم ظاہر کرتا ہے ، سبز کپڑا کروما کے طور پر استعمال کرکے جعلی حکومت جعلی ویڈیو کے ذریعے پی ٹی آئی کو بدنام کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے ۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کے مذموم عزائم سے عوام باخبر رہے ، پرامن احتجاج روکنے کے لیے جعلی حکومت نے ایک ہفتے سے پورے ملک کو بند کیا ہوا ہے ، شاہراہوں کی بندش سے ایمبولنس سروس بھی شدید متاثر ہے ، مریضوں کے ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث کئی اموات ہوئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں