حکومت اور پی ٹی آئی دونوں بندگلی میں:تھنک ٹینک

 حکومت اور پی ٹی آئی دونوں بندگلی میں:تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )سینئرتجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف دونوں بندگلی میں ہیں،حکومت کو یہ فائدہ ہے کہ انکے پاس ریاست کی قوت اور جبر ہے۔

اس کا کافی استعمال کیا جارہا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام’’تھنک ٹینک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پابندیوں پرپنجاب کے کسی شہرمیں کوئی بڑاحتجاج نہیں ہوسکا،حکومت نے پنجاب کے شہر ایک دوسرے سے کاٹ دیئے ،لاہورکے تمام راستے بند ہیں،تحریک انصاف کا احتجاج ایک دو دن تک ختم ہوجائے گا تو پھر دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے احتجاج میں وہ تعداد نہیں جو پہلے ہوا کرتی تھی،حکومت نے سخت اقدام کررکھے ہیں جس سے احتجاج منظم نظر نہیں آرہا،اس وقت پاکستان میدان جنگ بنا ہوا ہے ،کوئی بھی لچک دکھانے کو تیار نہیں ،اب کوئی بات چیت نہیں ہورہی، اگر سیاسی راستے بند ہوجائیں تو ان کا کھولنا بڑا چیلنج ہو تا ہے ۔

تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ اسلام آباد میں مکمل خاموشی ہے کسی جگہ احتجاج نہیں ہورہا،حکومت اور پیپلزپارٹی کے لوگ پریس کانفرنس کررہے ہیں اورمبارک باددے رہے ہیں تحریک انصاف کا احتجاج ناکام ہو گیا ،لوگ کہاں سے نکلے ہیں، کیسے ہیں، کہاں ہیں، نہ سوشل میڈٖیا ہے نہ موبائل فون ،نیٹ سروس بند ہے ،اسلئے مجھے نہیں پتا کہ اسلام آباد کی سرحد پر کیا ہورہا ہے ؟۔ تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا تھا کہ احتجاج کامیاب ہو یانہ ہو اس سے اپوزیشن کو کچھ نہیں ہوتا مگر حکومت کیلئے یہ بڑا چیلنج ہو تاہے ،اگر 10 ہزار لوگ ڈی چوک پہنچ جاتے ہیں توحکومت کیلئے مسئلہ ہوگا، اگر نہیں پہنچ پاتے تو تحریک انصاف کے لوگوں کو جہاں جگہ ملے گی وہ وہاں بیٹھ جائیں گے ،سوال یہ ہے کہ آپ اسلام آباد کو کب تک بند رکھ سکیں گے ؟،کیا کل یا پرسوں بھی بند رکھیں گے ،اسلام آباد کی سڑکیں بند ہیں،موبائل ،نیٹ سروس بند ہے تو اس سے اپوزیشن کواورکیا چاہئے ، یہ سب کچھ ہونا ہی اپوزیشن کی کامیابی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں