’’خواتین کے خلاف تشدد، کوئی جواز نہیں‘‘عالمی مہم شروع
کراچی (سٹاف رپورٹر)یو این ویمن پاکستان نے 16 دنوں پر مشتمل مہم ‘‘خواتین کے خلاف تشدد، کوئی جواز نہیں’’کا افتتاح کراچی یونیورسٹی سے کیا۔
اس سال کی مہم کا موضوع ہے ‘‘بیجنگ ڈیکلریشن اور ایکشن پلان کے 30 سال:خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہوں’’۔افتتاحی تقریب میں رولنگ ریزسٹنس تھیٹر آن وہیلز کا آغاز کیا گیا، جو خاص طور پر تیار کردہ موبائل تھیٹر ٹرک ہے جس کے ذریعے براہ راست پرفارمنس کے ذریعے خواتین کے خلاف تشدد پر مکالمہ اور شعور اجاگر کیا جائے گا۔تقریب میں مختلف تعلیمی، حکومتی اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ یو این ویمن پاکستان کی نمائندہ لوئس نیلن نے افتتاحی خطاب میں کہاکہ رولنگ ریزسٹنس جیسے تخلیقی پلیٹ فارمز کے ذریعے ہمارا مقصد مکالمہ شروع کرنا، ہمدردی پیدا کرنا اور کمیونٹیز کو تشدد کو مسترد کرنے کی ترغیب دینا ہے ،خواتین پر مبنی تشدد صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ انسانی حقوق کا بحران ہے جو معاشرے کے ہر پہلو کو متاثر کرتا ہے ،عالمی سطح پر ہر تین میں سے ایک خاتون اپنی زندگی میں تشدد کا شکار ہوتی ہے ۔ڈین آف سوشل سائنسز، کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی جو نوجوان اذہان کو پروان چڑھانے کے لیے وقف ہے اس مہم کی میزبانی پر فخر محسوس کرتی ہے ۔وزیر برائے ویمن ڈیولپمنٹ شاہینہ شیر علی نے مہم کو آگے لے جانے کے لیے معاشرتی طور پر یکجا ہو کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ رولنگ ریزسٹنس اپنے پیغام کو عام کرنے کے لیے موبائل پرفارمنسز کے ذریعے لاہور، پشاور، مردان، کوہاٹ سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ 16 دنوں کی یہ مہم ہر سال 25 نومبر (خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن)سے 10 دسمبر (انسانی حقوق کے دن)تک منائی جاتی ہے ۔