پی ٹی آئی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی
اسلام آباد (خبر نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی درخواست منظور نہ ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے ملاقات کے لیے جیل حکام سے رابطہ کیا تاہم انہیں اجازت نہیں ملی۔
ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے بھی فوری ملاقات کرانے کے لئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عمران نے پچھلی تاریخ پہ مجھے مطلع کیا کہ انکے ساتھ پھر سے غیر انسانی سلوک کیا گیا۔مجھے بانی کی خیریت کے حوالے سے شدید تشویش ہے ، لہذا فوری ملاقات کروائی جائے ۔جیل ذرائع کے مطابق ملاقاتیوں کو جواب دیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل کی تحویل میں نہیں بلکہ راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں۔ ان سے ملاقات کے خواہاں افراد راولپنڈی پولیس سے رابطہ کریں۔