بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف مزید 10 مقدمات درج
راولپنڈی ( خبر نگار ) تحریک انصاف کے 24 نومبر کے پر تشدد احتجاج پر مظاہرین کیخلاف انسداد دہشتگردی کے قانون سمیت سخت دفعات کے تحت راولپنڈی میں مزید دس مقدمات درج کر لیے گئے ۔بانی پی ٹی آئی،علیمہ خان، بشریٰ بی بی، عارف علوی ،علی امین گنڈا پور ، اسد قیصر ،حماد اظہر سمیت پہلے دوسرے اور تیسرے درجے کی قیادت سمیت سینکڑوں کارکن نامزد ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن سے ساڑھے سات سو سے زائد ملزموں کو گرفتار کرکے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ۔نئے مقدمات تھانہ واہ کینٹ،ٹیکسلا،صادق آباد،نیو ٹائون تھانہ واہ صدر میں درج کئے گئے ہیں جبکہ اٹک اور چکوال میں بھی مقدمات درج ہیں ان مقدمات میں پولیس پر حملہ،فائرنگ،راستہ روکنے ،سڑک بلاک کرنے ، ریاستی اداروں، حکومت مخالف نعرے بازی،ڈکیتی کی دفعات بھی شامل ہیں ۔ ادھر تمام گرفتار ساڑھے سات سو سے زائد ملزمان کو سخت سکیورٹی میں جمعرات کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو پیش کیا گیا اور پولیس نے ریمانڈ کی استدعا کی ملزمان کو اٹک ۔ چکوال اور راولپنڈی کے تھانوں سے لایا گیا ، انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 77 ملزموں کا پانچ روز کا جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔ 27 ملزموں کو جوڈیشل کر دیا گیا ۔تھانہ وارث خان کے مقدمہ میں 12 ملزموں کا دو یوم کا ریمانڈ دیا گیا جبکہ تین کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا گیا ۔تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں 79 ملزموں کو پیش کیا گیا دس کو ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ 69 کا چار دن کا ریمانڈ دیا گیا۔تھانہ ڈھڈیال کے 46 ملز موں میں سے 44 کو جوڈیشل اور دو کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ میں 76 ملز موں کو پیش کیا گیا جن میں سے 36 کا جوڈیشل ریمانڈ دیا گیا جبکہ دو کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا گیا۔36 کا چھ دن کا جوڈیشل ریمانڈ دیا گیا ۔تھانہ دھمیال کے مقدمہ میں 8 ملز موں کو پیش کیا گیاایک ملزم کو ڈسچارج کر دیا گیا سات ملز موں کا پانچ دن کا ریمانڈ دیا گیا ۔تھانہ انجیرا کے مقدمہ میں 30 ملز موں کا چار دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا ۔