توشہ خانہ ٹو :بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ پر فردجرم 3 دسمبر تک موخر
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ، خبر نگار ) سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فردجرم کیکارروائی ایک بار پھر موخرکردی گئی۔
گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس میں ہی سماعت کے دوران عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی، آئندہ سماعت3 دسمبر کو ہوگی۔عدالت نے ملزمان کو فردجرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔ انسداد دہشتگری کی عدالت کے احکامات لیکر اڈیالہ جیل پہنچنے والے وکلا کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی ۔جیل حکام نے موقف اپنایا کہ وہ راولپنڈی پولیس کے پاس جسمانی ریمانڈ پر ہیں ، اس حوالے سے اقدامات سے قاصر ہیں ،وکیل فیصل فرید ، فیصل ملک، غلام حسنین مرتضیٰ سنبل اور راجہ متین پر مشتمل وکلا نے انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج امجد علی شاہ کے روبرو دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کے عدالتی حکم کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں ۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ چونکہ ملزم تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پر ہے لہٰذا درخواست گزار مقدمہ کے تفتیشی سے رابطہ کرسکتے ہیں، وکلا ملاقات کے بغیر اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے ۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہونے دی جا رہی ، مجھے یقین ہے کہ ان سے غیر مناسب سلوک کیا جا رہا ہے ، جیل انتظامیہ اورپولیس ایک دوسرے پر پنگ پونگ کھیل رہے ہیں،ہم ملاقات نہ کرانے کے معاملہ پر آج صبح ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے ۔