وزیر اعظم کا ملائیشین ہم منصب کو فون ، سیلاب کی تباہ کاریوں پرافسوس ،امدادبھیجنے کااعلان
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم سے شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ملائیشین بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے سیلاب تباہ کاریوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے قدرتی آفت سے نمٹنے کے حوالے سے ملائیشین حکومت کے تیز تر ین موثر اقدامات کی تعریف کی۔وزیراعظم نے ملائیشیا کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی اور اپنے ملائیشیا کے بہن بھائیوں کے لئے پاکستان کی حمایت کی علامت کے طور پر فوری طور پر انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو تمام اہم شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
دونوں رہنماؤں نے اعلی سطح دوروں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے ملائشیا میں بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا ہے ، میں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ملائشیا کے دورہ کی دعوت دی ہے ۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں ملائشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فون کال کے دوران متاثر ہونے والے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ملائشین کی بہتری کیلئے دعا کی اور دونوں اقوام کی دوستی اور تعاون کے جذبہ کے تحت امداد کی فراہمی کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس فراخدلی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آئندہ سال کے آغاز میں ملائشیا کے دورہ کی دعوت دی ہے ۔ وزیراعظم کی سطح کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے اگلے سال کے شروع میں کوالالمپور کا دورہ کرنے کی توقع ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعظم شہبازشریف نے ایڈز کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایچ آئی وی کے خلاف قومی حکمت عملی کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔