مہنگائی، تجاوزات کا خاتمہ: مریم نواز کا ’’پیرا ‘‘ کو 3 ماہ میں فعال کرنے کا ہدف
لاہور(اے پی پی)وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت مہنگائی اورتجاوزات کے خاتمہ کیلئے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ہوا۔ ’’پیرا‘‘ دفاتر کے قیام، تعیناتی، قواعد وضوابط و دیگر امور کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پیرامیں تعیناتیاں، ہائیرنگ کیلئے شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کا حکم دیااورپنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں مانیٹرنگ کاموثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پیرا سے متعلق 4 کمیٹیوں ایڈمنسٹریشن لا جسٹک ، فنانس ، لیگل اور ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے پیرا کو3ماہ میں فعال کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر، ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیلوں کیلئے اسامیوں کی منظوری دی گئی۔ ہر تحصیل میں سب ڈویژنل انفورسٹمنٹ آفیسر، انویسٹی گیشن آفیسر، سینئر سارجنٹ اور سارجنٹ تعینات کئے جائینگے ۔ پیرا سٹاف کے ٹرانسفر و ڈیپوٹیشن پالیسی ،انفورسمنٹ سٹیشن پر اپیل کیلئے ہیئرنگ آفیسر مقرر کرنے سمیت پرکیورمنٹ پلان اور ڈی جی پیرا کے اختیارات کے تعین، پیرا کی گاڑیوں، یونیفارم،کیپ کلر اور برانڈنگ کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں فیصلے کے مطابق پیرا کے آپریشن، پروسیجر، اینڈ ریگولیشن 2024کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی بنائی جائیگی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازنے متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن پرعوام کومبارکباد دی ہے اور کہا یواے ای سے پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، یواے ای جدت و ترقی کی قابل تقلید مثال ہے ،ہماری ورک فورس نے یواے ای کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، مزید ترقی کیلئے دعا گو ہوں۔یو اے ای کے قومی دن پراپنے بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔