ڈی چوک واقعات کا عمران خان کوعلم نہیں تھا:سلمان اکرم
لاہور (دنیا نیوز)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے ڈی چوک میں جو واقعات رونما ہوئے ہیں، ان کا علم عمران خان کو نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی کو اخبار، ٹی وی میسر نہیں تھا۔۔۔
گزشتہ روز وکلا نے ملاقات میں جو کچھ بتایا بس اسی کا عمران خان کو علم ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام‘‘دنیا مہربخاری کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا ہمارے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں ،ریاست نے اپنے شہریوں پر گولی چلائی ہے ،ہم سیاسی حق مانگنے گئے تھے ،ملاقات میں بانی پی ٹی آئی 24 نومبرکی صورتحال پر پریشان تھے ۔ انہوں نے کہا پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں استعفے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ، وہ بدستور اپنے عہدے پر ہی کام کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پارٹی میں کوئی تفرقہ نہیں ہے ، پی ٹی آئی میں ہرقسم کی رائے سامنے آتی ہے کوئی تشویش والی بات نہیں۔اب ہم سارے متحد ہیں،جماعت بھی متحد ہے ،ہم نے اپنے شہدا کا خون رائیگاں جانے نہیں دینا، ہم نے آئین کی سربلندی کے لیے متحد ہو کرکام کرنا ہے ، بشریٰ بی بی کے پاس پارٹی میں کوئی مستقل پوزیشن نہیں ،تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے ، ا س کا موروثیت پر یقین نہیں، وائٹ پیپروالی بات بالکل افواہ ہے ۔