پی ٹی آئی مظاہرین کے پاس کیمیکل ،برازیلی شیل تھے :ڈی پی او اٹک

 پی ٹی آئی مظاہرین کے پاس کیمیکل ،برازیلی شیل تھے :ڈی پی او اٹک

اٹک (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹرغیاث گل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج میں مظاہرین کے پاس برازیلی ساختہ شیل اور گاڑیوں میں کیمیکل موجود تھا، کارکنوں کے پاس وائرلیس سسٹم بھی تھا۔

گرفتار مظاہرین عسکری ونگ کے کارندے ہیں، اٹک کی حدود میں دہشتگردی کے 20مقدمات درج کئے گئے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او نے بتایا کہ اٹک میں ناکہ بندی پر مظاہرین نے فائرنگ کی، پولیس نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انہیں گرفتار کیا۔ ہم نے اٹک میں مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی، اس دوران مظاہرین سے جھڑپیں ہوئیں اور کئی افراد گرفتار کئے گئے ۔ ڈاکٹرغیاث گل کا کہنا تھا کہ پولیس نے 700 مظاہرین کو گرفتار کیا جن سے اسلحہ، لاٹھیاں، آنسو گیس کے شیل برآمد کئے گئے ۔ 1150 میں سے 89 ایسے لوگ ہیں جن کا پاکستان میں ریکارڈ ہی نہیں، گرفتار کئے گئے ایک شخص کے موبائل سے ویڈیو ملی، اس ویڈیو میں ایک شخص پولیس کی وردی پکڑے کھڑا ہے ، ویڈیو میں ریاستی ادارے کی تذلیل کی جارہی ہے ، ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ آج ہم کس گراوٹ کا شکار ہیں، پتلون کے ساتھ تصویر بناکرغازیوں اور شہداکی تذلیل کی جارہی ہے ۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ برازیلی ساختہ شیل مظاہرین کے پاس تھے ، یہ ہمارے شیل سے چار گنا زیادہ طاقت ور تھے ، پہاڑ پر موجود مظاہرین وائرلیس کمیونی کیشن سے رابطہ کررہے تھے ، ہمارے ایک ایس ایس پی صاحب آئی سی یو میں ہیں، ہمارے متعدد جوانوں کو سر میں شدید چوٹیں آئیں۔ سمیع اللہ نامی پولیس اہلکار کی دائیں ٹانگ پر فائر مارا گیا، میرے 147اہلکار ابھی تک شدید زخمی ہیں۔احتجاج میں تقریباً 2 ہزار سے زیادہ تربیت یافتہ بندے عسکری ونگ سے ہیں جو پولیس پر حملے کرتے ہیں۔شرپسندوں نے جیٹ انجن سائز کے پنکھوں سے زہریلی گیس پھیلائی۔ پولیس پر اسلحہ سے لیس افراد نے فائرنگ کی ۔ ڈی پی او اٹک نے کہا کہ 675 افراد اس وقت ہمارے پاس ریمانڈ پر ہیں جن کو مرحلہ وار پیش کیا جائے گا۔پریس کانفرنس کے دوران گرفتار مظاہرین کی تصاویر اور ان سے برآمد کیا گیا اسلحہ و دیگر سازوسامان دکھایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں