عمران اپنا آخری کارڈ ابھی نہیں دکھائیں گے :علیمہ خان

عمران اپنا آخری کارڈ ابھی نہیں دکھائیں گے :علیمہ خان

راولپنڈی (خبر نگار)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ گولی کیوں چلی اسکی معافی نہیں ملے گی، میں لوگوں کو روکنے میں ناکام رہی، بشری بی بی نے لیڈ کیا، باقی قیادت کو بھی آگے آنا چا ہئے تھا، بانی پی ٹی آئی واقعہ پر شاک میں ہیں۔

 بانی نے کہا ہے کہ سب سے پہلی ایف آئی آر محسن نقوی اور شہباز شریف کیخلاف کرو، ایک لاسٹ کارڈ میرے پاس ہے جو ابھی استعمال نہیں کروں گا، سانحہ ڈی چوک پر سپریم کورٹ اور انٹرنیشنل اداروں کے پاس رپورٹ لے کر جائیں گے ،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ کسی نے کہا بانی کو زہر دیا جا رہا ہے ، کوئی کہہ رہا تھا کہ ذہنی طور پر صحت خراب ہے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے کہا میری صحت بالکل ٹھیک ہے ، 50 گھنٹے بند رکھا گیا، اخبار ٹی وی کی سہولت بھی واپس لے لی گئی،صرف صحافیوں اور وکلاسے ملاقات کے بعد معلومات آئیں، سانحہ اسلام آباد پر بانی کو بتایا وہ بہت زیادہ شاک میں تھے ، ان کو یہ بھی بتایا کہ 12 لاشیں صرف اسلئے ہیں کہ بہت سے لاپتا اور جیلوں میں ہیں، لواحقین بہت بڑی تعداد میں اپنے بچوں کو ڈھونڈ رہے ہیں، بہت سی لاشیں ابھی تک لاپتا ہیں، بانی نے کہا سب ہسپتال جائیں اور معلوم کریں جس پر انہیں بتایا جو ہسپتال جاتا ہے ان کو اٹھا لیا جاتا ہے ، ہمارے لوگ آئینی حق استعمال کررہے تھے ، لوگوں کو بلا کر دن میں سنائپر سے گولیاں مروائی گئیں اور رات کو پوری بریگیڈ بلا کر حملہ کیا، بانی نے کہا لوگوں کو ہدایت کروں گا کہ اس معاملے کو ہائی لائٹ کریں، علیمہ خان نے کہا جب سنائپر سے فائرنگ ہوئی لاشیں پڑی تھیں، ہم نے کہا تھا کنٹینرز سے کال دیں کہ وہ پیچھے چلے جائیں یہ تو کسی نے نہیں سوچا تھا کہ یہاں گولیاں ماریں گے ، جب قافلہ چل پڑا تو لوگ آ جاتے ہیں، لوگوں سے کہہ رہی تھی پیچھے ہٹ جائیں گولیاں چل رہی ہیں لیکن لوگ آگے جا رہے تھے ۔جب گولیاں چل رہی تھیں کیا کنٹینر پر ان کو نہیں مار سکتے تھے ، اب بھی سوال ہے کہ گولی چلی کیوں؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں