جی ایچ کیو حملہ کیس:عمر ایوب کی بریت درخواست خارج

جی ایچ کیو حملہ کیس:عمر ایوب کی بریت درخواست خارج

راولپنڈی، لاہور ( خبر نگار ، عدالتی رپورٹر ، دنیا نیوز)جی ایچ کیو حملہ کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی درخواست بریت خارج کر دی گئی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد شاہ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

دوران سماعت سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل میں کہا مقدمہ میں شیخ رشید، شیریں مزاری، امجد نیازی، عمر تنویر بٹ وغیرہ کی درخواست بریت خارج ہو چکی ، عمر ایوب کو واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ کے اقبالی بیان پر نامزد کیا گیا، اقبالی بیان ریکارڈ کرنے والے مجسٹریٹ جب تک عدالت پیش نہیں ہوتے درخواست بریت منظور نہیں کی جا سکتی۔دلائل کے بعد عدالت نے عمر ایوب کی درخواست بریت خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ابھی مقدمہ ابتدائی مرحلے میں ہے اسلئے بریت کی درخواست قبل از وقت ہے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر گلنے 9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 2 مقدمات سمیت جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کردی۔

زین قریشی کے وکیل نے بتایا کہ وہ انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد پیشی کیلئے گئے ،استدعا ہے کہ پیشی کیلئے ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے ۔عدالت نے انکی عبوری ضمانت پر کارروائی موخر کر دی اورجنرل سیکرٹری پی ٹی آئی لاہور اویس یونس کی عبوری ضمانت میں 18 دسمبر تک توسیع کر دی ۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 2 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے فرحت عباس کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کردی۔ عدالت میں تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے ۔ آئندہ سماعت پر ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کروں گا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر گل نے ملزموں کی عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت ملتوی کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد میں 9 مئی کے دو مقدمات کی سماعت کے دوران ممبر اسمبلی سمیت 16 افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ9مئی کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جس میں عدالت کی جانب سے ایم این اے رائے حسن، پی ٹی آئی رہنما عبداللہ دمڑ، شیخ راشد شفیق، سردار عظیم اللہ سمیت 16 افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔پی ٹی آئی رہنماؤں زرتاج گل، رؤف حسن اور دیگر نے ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔پشاور ہائیکورٹ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بڑا ریلیف مل گیا۔ اسد قیصر، شہریار آفریدی سمیت دیگر رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی ۔پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار نے پی ٹی آئی رہنماں کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے اسد قیصر، شہرام ترکئی، شہریار آفریدی کو حفاظتی ضمانت دے دی، صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماں کی بھی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی۔عدالت نے وفاقی اداروں سے مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں