گاڑیوں کا دھواں روکنے کیلئے موثر نظام لائینگے :مریم اورنگزیب
لاہور(کامرس رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں انسدادسموگ کیلئے متعددفیصلے کئے گئے ۔ سینئروزیر نے کہا شعبہ ٹرانسپورٹ میں دھوئیں کی روک تھام کے اقدامات پر جامع عملدرآمد کیلئے نگرانی کا موثر نظام بنایاجائیگا، نجی ورکشاپس کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 50ورکشاپس کو جدید آلات فراہمی کیلئے مالکان کو 80فیصد بلا سود قرضے دیئے جائینگے ۔گاڑیوں کی فٹنس تصدیق کا عمل تیز کیا جائیگا، تمام پبلک ٹرانسپورٹ کی جامع ایمیشن ٹیسٹنگ اورلاہور کے باہر بھی گاڑیوں کی چیکنگ ہوگی، لاہور کے 478 سکولوں میں شجرکاری مہم کا آغازاور نصاب میں ماحولیاتی مسائل کی تعلیم کوشامل کیا جائیگا ۔مریم اورنگزیب نے ایوان وزیر اعلیٰ 8کلب روڈ میں پریس کانفرنس میں کہانو ماہ میں وزیر اعلی ٰمریم نواز نے ریکارڈ منصوبے شروع کیے ،حکومتی اقدامات سے مہنگائی کم، ملک ترقی کررہاہے ،30ہزار بچوں کو وظائف دیئے گئے ،زراعت، آئی ٹی ،یوتھ پروگرام، خدمت کارڈ یا اقلیت ہر شعبہ میں عوام مرکز ہے ،انسدادسموگ کیلئے 10سالہ منصوبہ لایا گیا ،1 ہزار بھٹوں اور 219انڈسٹریل یونٹس کو مسمار 1366پلانٹس کو سیل کیا جاچکا، 41386گاڑیوں کے چالان ، 44ہزار 859سے زائد گاڑیوں کو بند کیاگیا۔ گوجرانوالہ دیوان روڈ کی 33 سٹیل ملز اورضلع قصور میں 56رائس ودیگر 39ملز میں سفید دھویں والی ڈیوائس لگا ئی جا چکی ہیں، کار فٹنس سرٹیفکیشن کا منصوبہ لایا گیا، آئندہ سال سموگ سے پہلے سکول ، ریٹیل ، انڈسٹری ،ہوٹلز کا شیڈول تیار کیاجائیگا۔ گھریلو انڈسٹریز کو انڈسٹریل زون میں منتقل کرینگے ۔محکمہ سکول کی بچوں کو بسیں فراہم کرنے کے معاملہ پر ٹریفک پولیس سکول ایڈمنسٹریشن سے میٹنگ ہو رہی ہے ۔