سول نافرمانی کی دھمکی دینے والوں کے ناپاک عزائم پورے نہیں ہونگے:وزیراعظم:مدارس بل پر نواز شریف سے مشاورت

سول نافرمانی کی دھمکی دینے والوں کے ناپاک عزائم پورے نہیں ہونگے:وزیراعظم:مدارس بل پر نواز شریف سے مشاورت

لاہور(سلمان غنی)وزیراعظم شہباز شریف نے سول نافرمانی کی دھمکیوں کے عمل کو ملک کی معاشی بحالی اور ترقی کے عمل پر اثرانداز ہونے کا مذموم عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کہنے اور ایسا کرنے والوں کے ناپاک عزائم پورے نہیں ہونگے۔

 ملکی معیشت پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے دنیانیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنی نواز شریف سے گزشتہ روز ہونیوالی ملاقات کے حوالہ سے  کہا کہ اہم قومی اور سیاسی ایشوز پر ہمیشہ اپنی جماعت کے قائد سے رہنمائی لیتا ہوں اورتجربات کی روشنی میں ان کے مشورے ہمیشہ نتیجہ خیز ہوتے ہیں،نوازشریف نے سیاسی قیادت سے روابط قائم رکھنے اور مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کرنے کاکہا،وہ ہمیشہ مذاکرات سے مسائل کے حل کی بات کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے مذاکرات کے خواہاں رہے ہیں لیکن مثبت جواب کی بجائے ہمیشہ احتجاج اور چڑھائی کی بات کی گئی۔ ہمیں اگر ملک کو ترقی کی منزل پر پہنچانا ہے تو ہم یہاں کسی کو گھیراؤ جلاؤ اور مرنے مارنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، احتجاج جمہوریت کا حق ہے اور یہ عمل آئین اور قانون کے تحت ہوتا ہے اور اگر کوئی سمجھے کہ وہ احتجاج کے ذریعہ ریاست پر چڑھائی کریں گے تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ریاست اور حکومت اپنی رٹ پر کمپرومائز نہیں کرسکتیں،یہ حکومتی پالیسیوں کا ہی ثمر ہے کہ چین، سعودی عرب، ابوظہبی و دیگر اہم ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے نظر آ رہے ہیں۔

سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میری ذمہ داری ہے اوراگر کوئی سمجھے کہ وہ کسی مذموم ایجنڈا کے تحت معاشی ترقی کے عمل پر اثرانداز ہوگا تو اب ایسا نہیں ہوگا ۔دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بات کرے تو سمجھ آتا ہے لیکن اگر پاکستان کے اندر سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہو تو قابل معافی نہیں ،کچھ لوگ یہاں انتشار ،خلفشار ،محاذ آرائی اور تنائو پر بضد ہیں، انہیں سیاست کرنا ہے تو آئین قانون کا پابند ہونا پڑے گا ۔ مولانا فضل الرحمن کے حوالہ سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں ان کے بل کے حوالہ سے ان کی شکایات کا ازالہ ہوگا،میری ان سے بات ہوئی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اور سوال پر کہا کہ دہشت گردی کے رجحان کے خاتمہ کیلئے حکومت اپنی فوج کی پشت پر کھڑی ہے ، ان کی شہادتوں کی تاریخ اور انکا جذبہ ولولہ ہماری قومی طاقت ہے ،پاک سرزمین کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرکے رہیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سوال پر کہا کہ ایک منتخب حکومت کی حیثیت سے ہمیں اپنے عوام کے مسائل کا پتہ ہے ،ہم نے مہنگائی کا خاتمہ کیلئے اقدامات کئے اورمہنگائی اپنی کم ترین سطح پر آئی ہے ،معاشی اشارئیے اطمینان بخش ہیں اور ہر آنے والے دن میں ہم بہتری لائیں گے ۔ 

لاہور،اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے اہم ملاقات ہوئی ،2گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ نواز شریف نے  وزیراعظم کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری پر مبارکباد دی ،ملاقات میں 26 نومبر کے واقعات اور پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا،نواز شریف اور وزیراعظم کے درمیان اتفاق پایا گیا کہ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔نوازشریف نے کہا کہ ملکی ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نوازشریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی کہ مدارس بل پر مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کئے جائیں۔ شہبازشریف کاکہناتھاکہ مولانا فضل الرحمن کو مدارس بل پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ نوازشہباز ملاقات میں ملکی معاملات پر حکومتی اتحادیوں سے مشاورت کرنے اور اعتماد میں لینے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیراعظم نے میاں نواز شریف کو دورہ سعودی عرب کی رپورٹ پیش کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے جاتی امراء میں والدین کی قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ پڑھی ۔قبل ازیں اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے مشیر رانا ثناء اللہ ،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ،رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا ،ذوالفقار بھنڈر،میاں مرغوب احمد ،میاں محمد نعمان اور مدثر قیوم ناہرا نے الگ الگ ملاقاتیں کیں،ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور حلقوں کے مسائل پر بات چیت ہوئی ۔شہباز شریف رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج کی رہائش گاہ گئے اور ان کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پرپیغام میں کہاکہ بدعنوانی حکومتوں اور اس کے شہریوں کے درمیان عدم اعتماد کی ایک بڑی وجہ ہے ،ہماری حکومت ہر سطح پر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے تاہم حکومت اکیلے کرپشن کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی،اس کیلئے ہر شہری، ہر کمیونٹی اور ہر ادارے کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کو بے نقاب کرنے میں میڈیا کا فعال کردار ہے ، آئیے ایک ایسے مستقبل کیلئے مل کر کام کریں جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور جہاں ’’احتساب سب کیلئے ‘‘بنیاد ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں