ٹی 20ورلڈ کپ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ، ویل جیکس، ایڈن مارکرم ،لونگی نگیدی بھی شامل
لاہور(سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے لیے نامزد کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے جن میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان بھی شامل ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7میچز میں 76.60 کی اوسط اور 160.25 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 383 رنز سکور کیے ۔صاحبزادہ فرحان نے صرف 6 اننگز میں 383 رنز بنا کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
انہوں نے سری لنکا اور نمیبیا کے خلاف سنچریز سکور کیں اور وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے واحد بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے لیے نامزد دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے ویل جیکس اور جنوبی افریقہ کے لونگی نگیدی جبکہ کپتان ایڈن مارکرم بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا اورٹم سیفرٹ، امریکا کے شاڈلے فن سکولویک جبکہ بھارت کے سنجو سیمسن بھی اس اعزاز کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔