مرشد مزے ،کوچ اور چیلہ کٹہرے میں ہیں:عظمیٰ بخاری
لاہور (صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ مرشد مزے میں ہے جبکہ کوچ اور چیلہ کٹہرے میں ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے جس تھالی میں کھاتا اسی میں چھید کرتا ہے ۔
کرپشن کرپشن کا راگ الاپنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری اور ڈاکوں میں ملوث نکلا۔ بانی پی ٹی آئی نوازشریف اور مریم نواز کے بغض میں یہاں تک پہنچے ہیں۔ مریم نواز پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں تھا۔مریم نواز کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہیں پھر بھی انکو کوچ اور اسکے چیلے نے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا بشری ٰبی بی قیمتی نکلس چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کے ڈاکے میں ملوث ہے اور اس نے ابھی پنجاب میں کی لوٹ مار کا حساب دینا ہے ۔ پانچ سال نوازشریف اور مریم نواز سے رسیدیں مانگنے والے کے پاس اپنی رسیدیں نہیں۔ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کی جعلی رسیدوں کا بھی کیس زیرالتوا ہے ۔