اسٹیبلشمنٹ کہے گی تو ہی بااختیار مذاکرات ہونگے ،احمد خان بھچر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ حکومت با اختیار نہیں اسٹیبلشمنٹ با اختیار ہے۔
جب اسٹیبلشمنٹ کہے گی تو پھر ہی بااختیار مذاکرات ہونگے جبکہ پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ نے کہا پی ٹی آئی جبر فسطایت کا مقابلہ کر رہی ہے ، سرگودھا کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد خان بھچر نے کہا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سیاسی اجتماع پر سیدھی فائرنگ کی گئی ہے ، ذمہ دار شہباز شریف ہیں، متاثرین کے لواحقین کو دھمکایا جا رہا ہے ، اسی وجہ سے ان لوگوں کو سامنے نہیں لایا جا رہا،پنجاب حکومت نے 24 ، 25، 26 کو جو فسطایت کی اس کی ذمہ دار مریم نواز ہیں ، ہمارے 100 کے قریب کارکن لا پتہ ہیں۔26 نومبر کو پی ٹی آئی کے کارکنوں پر رات کے اندھیرے میں سیدھی گولیاں چلائی گئیں، ہم یہ پوچھتے رہیں گے گولیاں کس نے چلائیں، نائب وزیر اعظم اور سینٹرز مان چکے ہیں کہ نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، اب یہ بتائیں ہمارے کارکنوں کی لاشیں کہاں ہیں ؟ ہمارے 200 لوگ لاپتہ ہیں 12 لوگوں کی تصدیق ہو چکی ہے ۔