گنڈاپور نے غیر ملکی میڈیا کو گمراہ کن بریفنگ دی:عطاتارڑ
اسلام آباد (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں غیر ملکی میڈیا کو بلا کر گمراہ کن بریفنگ دی، ان کے الزامات جھوٹ اور فساد پر مبنی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے الزامات کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے ، حقائق عوام کے علم میں ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ شرپسندی اور ملک دشمنی کو کھل کر سامنے آنا چاہیے ۔ بڑھکیں مارنے ، دھمکیاں دینے اور الزامات لگانے کا سلسلہ ان کا وتیرہ ہے ۔یہ لوگوں کو تشدد پر اکسا کر دوڑ لگا کر بھاگ جاتے ہیں۔ گنڈاپور نے کہا کہ اگلی کال پرامن نہیں ہوگی، سوال یہ ہے کہ آپ کا اس سے پہلے کون سا احتجاج پرامن تھا؟ احتجاج اور دھرنوں کے سوا ان کا کوئی کام نہیں۔ آپ نے پہلے 1200 لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلائیں۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اپنے خطاب میں کارکنوں کو ورغلا رہی تھیں، علی امین اور بشریٰ اپنے کارکنوں کو ڈی چوک پر تنہا چھوڑ کر کیوں بھاگے ؟ آپ نے نو مئی کو جو کچھ کیا قوم کبھی نہیں بھولے گی اور نو مئی کے ملزموں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، بشریٰ نے کارکنوں کے ذریعے گنڈا پور پر پتھراؤ کروایا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی کو مخاطب کرکے کہاکہ آپ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ اگلی کال دے سکیں، آپ کچھ نہیں کرسکتے ، آپ سیاسی و انتظامی طور پر ناکام ہیں، آپ صوبے کے معاملات کو سنبھالنے میں ناکام ہیں، جعلی بریفنگز میں جو مرضی کہیں۔