اربوں روپے کی زمین مافیا سے واگزار کرائی جائے ،سردار رحیم
کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں سرکاری زمینوں اور نجی املاک پر ناجائز اور غیر قانونی قبضے ہو رہے ہیں۔
نا اہل پولیس و کرپٹ محکمہ ریونیو کے افسران کی قبضہ مافیا کو مکمل آشیرباد حاصل ہے ، بلدیاتی اداروں کے منتخب لوگ اور کے ایم سی کے افسران بھی پارٹی بنے ہوئے ہیں ، اداروں کو چاہیے کہ وہ متحرک ہوکر لینڈ مافیا سے اربوں روپے کی قیمتی زمین سے قبضے واگزار کرائیں ۔ ان خیالات کا اظہار سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری بیان میں کیا ۔سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ کراچی پر لینڈ مافیا کا راج ہے زرداری لیگ کے بااثر شخصیات کی سرپرستی میں لینڈ مافیا ایم ڈی اے ، ایل ڈی اے سمیت ملیر ،کیماڑی ، کورنگی کی سرکاری قیمتی زمینوں پر دن دیہاڑے قبضہ کررہا ہے ۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں اور اس میں ملوث محکمہ ریونیو اور پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے فوری طور پر قبضہ کی ہوئی زمینیں خالی کرائی جائیں۔