عمران خان نے مذاکرات کیلئے دو نکاتی ایجنڈا دیا ہے :فواد
اسلام آباد(دنیا نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے مذاکرات کیلئے دو نکاتی ایجنڈا دیا ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، عمران خان کی مذاکراتی کمیٹی حکومت اور اپوزیشن سے بات چیت کریگی، انہوں نے مذاکرات کیلئے دونکاتی ایجنڈا دیا ہے ، آج عمران خان نے اپوزیشن لیڈرز کوملاقات کی دعوت دی ہے ، حکومت کوملاقات ارینج کرنی چاہیے ، موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ عمران خان کی سیاسی اہمیت کوتسلیم کیا جائے ۔ مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ نواز شریف، شہبازشریف ہیں، شہبازشریف کوپتہ ہے معاملات حل ہوگئے تو ان کا مستقبل ختم ہوجائیگا۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا وزیراعظم شہبازشریف مذاکرات کیخلاف ہیں، وہ چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ اورپی ٹی آئی میں معاملات بہترنہ ہوں ، یہ روزانہ نو مئی، نو مئی کرتے رہتے ہیں۔