الیکشن کمیشن :عمران کوپیش نہ کرنے پرجیل حکام سے جواب طلب

الیکشن کمیشن :عمران کوپیش نہ کرنے پرجیل حکام سے جواب طلب

اسلام آباد(وقائع نگار)توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہ کیا جا سکا،الیکشن کمیشن نے اڈیالہ جیل حکام سے جواب طلب کر لیابانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک سے حاضری کا بندوبست ہوا؟الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ ہماری طرف سے انتظامات مکمل ہیں، جیل کی طرف سے ویڈیو لنک ایکٹیو نہیں ، ہمارا عملہ وہاں موجود ہے ، جیمرز کی وجہ سے رابطہ نہیں ہو رہا، جیل حکام تعاون نہیں کر رہے ۔فیصل چودھری نے کہامیرا خیال ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر نہیں آنے دیا جائے گا، انکی تصویر اور بیان چلانے پر غیر اعلانیہ پابندی ہے ، کمیشن بانی پی ٹی آئی کو یہاں طلب کرے ۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کوئی تکنیکی مسئلہ ہو سکتا ہے پیش نہ کرنا دانستہ نہیں لگتا، ملزم کی حاضری کے بغیر شواہد ریکارڈ نہیں ہو سکتے ۔ وکیل فیصل چودھری نے کہا اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے ، کمیشن کیس کو ڈراپ کر دے ۔ممبر سندھ نے کہا آپ تو کیس لڑ رہے ہیں ہم کیسے ڈراپ کر دیں۔ بعدازاں سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں