جی ایچ کیو حملہ کیس:زین قریشی سمیت مزید 3ملزموں پر فرد جرم عائد،بشریٰ کی32مقدمات میں عبوری ضمانت
اسلام آباد ،لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،خبرنگار ،عدالتی رپورٹر)جی ایچ کیو حملہ کیس میں زین قریشی سمیت مزید 3ملزموں پر فرد جرم عائد کردی گئی ،بشریٰ بی بی کی32 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔
اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید تین ملزموں زین قریشی، راجا ناصر محفوظ اور راجا شہباز پر فرد جرم عائد کی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور فواد چودھری کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے حصول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہو گئیں، عدالت نے 26 نومبر کو ڈی چوک احتجاج سے متعلق درج 32 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 13 جنوری تک گرفتار کرنے سے روک دیا ،راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاج کے حوالے سے حسن ابدال میں درج پانچ مقدمات میں 625 ملزموں کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری خارج کردی گئی۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی ۔
نابالغ 10 ملزموں کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی اور رہائی کا حکم دیدیا پشاور ہائی کورٹ نے 24 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کے بعد درج مقدمات میں علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کے 140 سے زائد رہنماؤں، ممبران اسمبلی اور کارکنوں کی راہداری اور حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی3 مقدمات میں ضمانت کنفرم،1مقدمہ میں عبوری ضمانت کی توسیع کردی ، ادھر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 24 نومبر کے احتجاج پر درج3 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کی عبوری ضمانت پندرہ جنوری تک منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا، دریں اثنااڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ کیس 2 میں گواہان پر وکلا صفائی نے جرح مکمل کرلی، بانی اور بشریٰ عدالت میں موجود رہے ۔پراسیکیوشن کے دو گواہوں ساجد اور میسم پر وکلا صفائی نے جرح مکمل کرلی، ۔
دریں اثنا لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ سمیت دیگر کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی ،علی امتیاز ، مصطفی وقار، ولی خان، شیروز خان اور محمد عمر عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے عبوری ضمانتوں میں 25 جنوری تک توسیع کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج عرفان حیدر نے سماعت کی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے لاہور میں احتجاج اور پولیس پر تشدد کیس میں پی ٹی آئی ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ اور شبیر گجر ودیگر کی عبوری ضمانتوں میں 18 جنوری تک توسیع کردی گئی ۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو تھانہ شادمان نذرآتش اور عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر کیسوں میں یاسمین راشد کی 4 مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت پر سماعت4 جنوری تک ملتوی کردی گئی انسداد دہشت گردی عدالت میں 24 نومبر کی ریلی میں پولیس تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں قصور سے محمد حسین ڈوگر ،حاجی محمد ڈوگر سمیت دیگر گیارہ ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں 4 جنوری تک توسیع کردی گئی ۔ ملزموں میں حافظ حسان، بیرسٹر شاہد مسعود ،مہر سلیم ،مہر لطیف سمیت دیگر شامل ہیں۔