عمران کے معاملے پر امریکا کا دباؤ بڑھ سکتا :شاہد خاقان
لاہور( آئی این پی)عوام پاکستان پارٹی کے کنونیئر و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خرم دستگیر اور میاں جاوید لطیف کو اپنی جماعت میں نہیں لے سکتا تاہم اگر خواجہ سعد رفیق چاہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
خرم دستگیر اور میاں جاوید لطیف کو صرف اس وجہ سے اپنی پارٹی میں نہیں لے سکتا کہ وہ ناراض ہیں ہاں اگر وہ دونوں یہ سمجھتے ہیں کہ ہماری پارٹی اصولوں پر کھڑی ہے تب انہیں لیا جاسکتا ہے ،اڈیالہ جیل جا کر عمران خان سے ملنے کے لیے تیار ہوں، ان سے کہوں گا کہ ملکی مفاد کی خاطر بیٹھیں اور بات کریں،عمران خان کے معاملے پر امریکا کا دباؤ بڑھ سکتا ہے ،21 اکتوبر 2023 کو نواز شریف کی لندن سے وطن و اپسی پر خود استقبال کے لیے نہیں گیا۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا میرا شہباز شریف کی سوچ سے اتفاق نہیں لیکن ان سے ملنے کے لیے بھی تیار ہوں، اس وقت کوئی ملک کے لیے نہیں سوچ رہا، سب کو اپنا اقتدار عزیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب پی ڈی ایم کی حکومت بنی تھی تو میں نے نواز شریف کو کہاکہ وطن واپس آکر ہائیکورٹ میں پیش ہوجائیں لیکن انہوں نے کسی اور کی بات پر عمل کیا۔جب مریم نواز کو پارٹی کا سینئر نائب صدر بنایا گیا تو میں نے اگلے روز ہی اپنا استعفیٰ پارٹی صدر شہباز شریف کو بھیج دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا مستقبل عوام کے ہاتھ میں ہے ، سیاسی طور پر عوام کی حمایت ان کو حاصل ہے ، چاہے کوئی اس کو تسلیم کرے یا نہ کرے ۔جنرل (ر)فیض حمید کے خلاف کارروائی فوج کا اندرونی معاملہ ہے ۔