جماعت اسلامی کااحتجاج منظم سازش :سندھ حکومت
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے کسی اچھے کی امید نہیں، مذاکرات کے موقع پر وہ گلاٹی مار سکتے ہیں، جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے درخواست ہے شہریوں کے مسائل کے لیے بات کریں۔
شہریوں کے لیے مزید مسائل پیدا کرنے کا سبب نہ بنیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر رانا احسان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سعید غنی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی نے احتجاج کر کے پورے شہر کے ٹریفک کا نظام برباد کر دیا، پر امن احتجاج کرنا چاہیے اور احتجاج اس انداز میں ہو کہ کسی کو کوئی تکلیف نہ پہنچے ، جماعت اسلامی کا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ ایک منظم سازش کے تحت احتجاج کی کال دیتی اور شہر کی اہم شاہراہیں بند کرتی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو پانی سپلائی کرنے والی مین لائن حادثاتی طور پر ٹوٹ گئی اور اس کی مرمت میں وقت زیادہ لگ گیا، جسے جواز بنا کر اس طرح شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دینا کسی طرح بھی مناسب نہیں تھا۔