اصل مذاکرات علی امین اور محسن نقوی میں ہو رہے :فواد
اسلام آباد(دنیا نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی ٹمپریچرکا نیچے آنا ضروری، گرفتار ورکرز کو رہا کیا جائے ، اصل مذاکرات علی امین گنڈا پور اور محسن نقوی میں ہو رہے ہیں ،جو میرے بارے میں کہتے ہیں کہ ہماری ترجمانی نہیں کریں گے ،کسی کا دماغ خراب جو گوہر،سلمان اکرم راجہ کی ترجمانی کرے گا۔
وہ توخود اپنی ترجمانی کے قابل نہیں، ہم صرف بانی پی ٹی آئی کوجانتے ہیں باقی کسی کی پروا نہیں۔دنیا نیوزکے پروگرام‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور علی امین گنڈا پور کی ملاقات کے نتیجے میں مذاکراتی کمیٹی بنی، بات چیت ایک مثبت پیشرفت ہے ،مذاکرات سامنے بھی ہوتے ہیں اور بیک اینڈ پر بھی ہوتے ہیں جو زیادہ اہم ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لگ رہا ہے کہ حکومت عدالتی کمیشن بنانے پر تیار ہے ، یہ کہنا درست نہیں کہ پی ٹی آئی کے سارے حربے ناکام ہوئے ہیں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان کوریلیف ملتا ہے تو پی ٹی آئی کی تمام چیزیں ٹھیک ہوجائیں گی، اگرحکومت بانی کورہا کرنے پر تیارہو تو پی ٹی آئی ہر چیز کمپرومائز کرے ۔فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی اگرمذاکرات سے ورکرز کے لیے ریلیف لے تو بڑی کامیابی ہوگی،مجھے نہیں پتہ مجھ سے لوگوں کو کیا گھبراہٹ ہے ، میں پی ٹی آئی کی ترجمانی نہیں اپنی بات کر رہا ہوں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں ملکی صورتحال پربات ہوئی، پارٹی معاملات پر نہیں، یہ لوگ نااہل ہیں ہرایک سے خوفزدہ ہیں، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ کی کوئی حیثیت نہیں ۔رہنما مسلم لیگ ن افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو چارٹر آف ڈیموکریسی کی طرف آنا ہوگا۔ اگریہ نومئی،26نومبرنہ کریں تو چھاپے بھی نہیں پڑیں گے ،مذاکرات کے ذریعے ہی راستے نکلتے ہیں۔مذاکرات تب کامیاب ہوں گے جب ماحول اچھا ہوگا، سیاسی لوگ آپس میں بیٹھیں گے توکوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔ پی ٹی آئی نے چلتے نظام کوخراب کیا، یہ ہمیں اورہم انہیں بھی تسلیم نہیں کریں گے ،نوازشریف نے امریکا کے پریشرکے باوجود ایٹمی دھماکے کیے ،ہم انٹرنیشنل بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ۔