بھارتی لابی کے زیر اثرامریکا کی پاکستان پر پابندیاں بلا جواز:آزادکشمیر اسمبلی میں قرارداد منظور

بھارتی لابی کے زیر اثرامریکا کی پاکستان پر پابندیاں بلا جواز:آزادکشمیر اسمبلی میں قرارداد منظور

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے پاکستان پر امریکی پابندیوں کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔

 قرارداد سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے پیش کی ۔قرار داد میں امریکی حکومت کی  بھارت کے حق میں علاقائی طاقت کے توازن کو بگاڑنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی۔ قرارداد کے مطابق پاکستان کا میزائل  پروگرام صرف دفاعی مقاصد اور بھارت کے جارحانہ عزائم اور ارادوں کو روکنے کیلئے ہے ۔ امریکی حکومت کے اقدامات بھارتی لابی کے زیر اثر ہیں جو پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کو مکمل طور پر نہ سمجھنے کا ثبوت ہیں، کشمیری عوام کسی بھی بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔قرار داد میں راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا ہے کہ امریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کی کوشش کررہا ہے ، جس میں پاکستان رکاوٹ ہے ، پاکستان کے اندر تخریب کاری میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہیں ۔

وزیراعظم چودھری انوارالحق نے پاکستانی فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری پروگراموں کا کلیدی کردار ہے ،مضبوط دفاعی نظام کے بغیر ممالک تباہ کن نتائج کا سامنا کرتے ہیں، جن میں لیبیا، شام، لبنان اور غزہ کی مثالیں شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کوئی متنازع موضوع نہیں، اس کی اہمیت پر سمجھو تا نہیں کیا جاسکتا، میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری طاقت کی اہمیت سے کوئی سیاسی قیادت انکار نہیں کرسکتی ۔کشمیری رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی زندگی، مال، عزت اور وقار کا دفاع کرنا چاہئے ، قرارداد کی منظوری غیر ملکی مداخلت اور جارحیت کیخلاف آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے متحد مؤقف کو ظاہر کرتی ہے ، ساتھ ہی پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں، خاص طور پر میزائل پروگرام کی علاقائی استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں