بھاری جرمانے :فیڈریشن چیمبر کاجیریزڈناٹا کمپنی کو خط
کراچی(رپورٹ :محمد حمزہ گیلانی)کارگو ہینڈلنگ کمپنی جیریز ڈناٹا کمپنی اور کسٹم کی کارکردگی بزنس کمیونٹی کیلئے چیلنج بن گئی۔
،ڈیلے اور ڈیٹینشن چارجز کی وجہ سے فیڈریشن چیمبر آف کامرس نے جیریز ڈناٹا کمپنی کو خط لکھ دیا۔فیڈریشن چیمبر کے خط کے مطابق ائیرپورٹ پر بزنس کمیونٹی کو امپورٹ اور ایکسپورٹ کارگو بروقت کلیئر نہ ہونے سے بھاری جرمانوں کا سامنا ہے ۔بزنس کمیونٹی بے جا جرمانوں سے بچنے کیلئے ڈیلے سرٹیفکیٹس جمع کرارہی ہے لیکن قبول نہیں کیا جارہا ،اس کے علاوہ فیڈریشن چیمبر نے متن میں مزید کہا ہے کہ ڈیلے سرٹیفیکیٹس ثابت کرتے ہیں کہ کارگو کی تاخیر میں بزنس کمیونٹی کا ہاتھ نہیں ہے ، بزنس کمیونٹی کو جیریز ڈناٹا اور کسٹم کی وجہ سے لاکھوں روپے اضافی اور غیر ضروری جرمانوں کا سامنا ہے ، جو باعث تشویش امر ہے جس کے سبب تجارتی معاملات شدید متاثر ہورہے ہیں ، جیریز ڈناٹا مسلسل بزنس کمیونٹی کی شکایات کا ازالہ کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ فیڈریشن چیمبر آف کامرس نے مطالبہ کیا کہ ائیرپورٹ پر جیریز ڈناٹا بزنس کمیونٹی کیلئے کارگوہینڈلنگ کے نظام کو منصفانہ اور شفاف بنائے ۔فیڈریشن چیمبر کی قیادت جیریز ڈناٹا حکام سے مسائل حل کرنے کیلئے ملاقات کرنا چاہتی ہے ، تاکہ بزنس کمیونٹی کا اعتماد زائل نہ ہو اور انکے مسائل کو فوری سمجھا جائے کیونکہ بزنس کمیونٹی کے اضافی جرمانے ملکی معیشت پربھی منفی اثرات مرتب کررہے ہیں۔