بجلی کی قیمت میں20روپے فی یونٹ کمی ممکن،فار مولا تیار
اسلام آباد(آئی این پی )بجلی کی قیمتوں میں 20 روپے فی یونٹ کمی ممکن، فارمولا تیار کر لیا گیا۔نیپرا نے سفارشات پر مبنی دستاویز حکومت کے حوالے کردیں جس میں کہا گیا ہے کہ بیلنس آف ٹیرف سے قیمتوں کو کم کیا جاسکتا ہے ، فی یونٹ کپیسٹی ادائیگی، سرچارجز پر نظر ثانی سے نرخ کم ہو سکتے ہیں۔
نیپرا دستاویز کے مطابق آپریشنل خامیوں کو بہتر کر کے بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکتی ہے ، بجلی کی خالص قیمت صرف 7 روپے 62 پیسے یونٹ ہے ، 7 قسم کے چارجز،ٹیکسز، مارجن’ ایڈجسٹمنٹ سے قیمت 45 روپے تک پہنچ جاتی ہے ۔بجلی کی قیمت 45 روپے 6 پیسے فی یونٹ ہے ، 45 روپے 6 پیسے میں سے 17 روپے 1 پیسے فی یونٹ کپیسٹی چارجز ہیں۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں 15 روپے 28 پیسے فی یونٹ ٹیکس اور سرچارج عائد ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیاں صارفین سے 3 روپے 10 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن لیتی ہیں۔نیپرا نے کہا کہ ایک پیسہ فی یونٹ مرمت، آمدن کے حصول اور آئندہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے نام سے وصول کیا جاتا ہے ، ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ ٹرانسمیشن چارجز کے لیے جاتے ہیں، بجلی کی خالص اوسط پیداواری قیمت 7 روپے 62 پیسے فی یونٹ ہے ۔حکومت کو جمع کروائی گئی دستاویز میں یہ بھی کہا گیا کہ 7 روپے 52 پیسے کے سرچارجز اور 67 پیسے ایڈجسٹمنٹ ختم ہونے سے بجلی 25 روپے 20 پیسے فی یونٹ بنتی ہے ، اگر اسے ختم کر دیا جائے تو 45 روپے 6 پیسے والا بجلی کا یونٹ 20 روپے 4 پیسے پر آ جائے گا۔