9مئی :شاہ محمود ،یاسمین راشد محمود الرشیدو دیگر پر فرد جرم
لاہور، گوجرانوالہ (عدالتی رپورٹر،سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،یاسمین راشد و دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کر لیا۔
عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جا کر نو مئی کیسز کی سماعت کی، دوران سماعت شاہ محمود، یاسمین راشد ،محمود الرشید ، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔ضمانت پر رہا ملزم بھی جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے ملزموں کی حاضری مکمل کرتے ہوئے ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا. عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 16 جنوری تک ملتوی کر دی عدالت نے دیگر نو مئی کے چار مقدمات میں ملزموں کو حاضری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ادھر بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ کا مقدمہ میں بطور گواہ عمران خان، یاسمین راشد اور عمر سرفراز کے ویڈیو لنک بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے ۔ خصوصی عدالت نے ایس ایس پی شمس الحق درانی ، ایس پی غلام عباس اور ڈی ایس پی شہباز ہنجرا سمیت 10 گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لئے ۔ وکلا نے جرح مکمل کر لی۔ سماعت مقدمہ 16 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں ہوئی ۔ عدالت نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بند بانی پی ٹی ائی عمران خان اور کوٹ لکھپت جیل لاہور میں بند پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد اور عمر سرفراز کو بطور گواہان ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کر رکھا تھا ۔