عمران خان کی رہائی مذاکرات سے نتھی نہیں:شیخ وقاص
لاہور(مانیٹرنگ ڈٰیسک)سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا 190ملین پاؤنڈز کا کیس غیرمنصفانہ طریقے سے چلایا گیا، یہ کیس تواعلیٰ عدالت میں پہلی پیشی پرہی اڑجائے گا۔
دنیا نیوزکے پروگرام‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا اس کیس میں کچھ ہے ہی نہیں، یہ کیس بھی پہلے والے کیسزکی طرح ردی کی ٹوکری میں جائے گا،ہم نے عمران خان کی رہائی کو مذاکرات کے ساتھ نتھی نہیں کیا ہوا،اگر نتھی کیا ہوتا تو آج ہماری طرف سے اعلان ہوجاتا ہے کہ ہم مذاکرات کو ختم کررہے ہیں،190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ غلط دیا گیا ہے ، بانی کو ناجائز سزا سنائی گئی ہے ،اگر یہ فیصلہ ہمارے خلاف آتا تو ہم مذاکرات کا انکار کردیتے ،مگر ان کی ہدایت ہے کہ مذاکرات جاری رکھے جائیں،کیونکہ عمران خان ڈیل نہیں چاہتے ، ہم نے حکومت کا تحریری مطالبات دینے کا مطالبہ پورا کر دیا ہے ، مجھے یقین ہے بانی جلد سرخروہوں گے ۔ ہم نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا ہے ، یہ جوڈیشل کمیشن کا اعلان کر دیں، مذاکراتی کمیٹیاں آپس میں ٹی او آر طے کر لیں گی۔ 8فروری کو ہم یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے ، ہم اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، بشریٰ بی بی کی ملاقاتوں سے متعلق باتیں صرف افواہیں ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چودھری نے کہا عمران خان کے کیسوں اور نوازشریف کے کیسوں میں زمین آسمان کا فرق ہے ،میاں نوازشریف کو سپریم کورٹ سے سزا دی گئی جس کی کوئی اپیل نہیں کی گئی،عمران کو جو سزا ہوئی ہے وہ ٹرائل کورٹ سے ہوئی، ان کے پاس اپیل کا حق بھی ہے ،عمران خان کو کرپشن،رشوت لینے پر سزا ہوئی ہے ، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہوئی ہے ،اگروہ کہتے ہیں کہ یہ کیس ٹرسٹ کا تھا،اگر کوئی شخص سڑک پر کھڑا ہو کر ڈکیتی کرے ، ڈکیتی کے پیسوں میں سے کچھ پیسے مسجدبنانے کیلئے دے ،پھر وہ پکڑا جائے وہ کہے میں تومسجد بنوارہاہوں کیایہ جائز ہے ؟،اس ٹرسٹ میں پوری دنیاسے ایک بھی پیسہ نہیں آیا،اس ٹرسٹ میں صرف ایک ہی ڈونز ہے ، بانی نے اس جج اورعدالت پر اعتماد کا اظہارکیا تھا،عمران خان اپنے جرائم کی وجہ سے جیل میں ہے ،پی ٹی آئی نے اپنی چوری چھپانے کے لیے مذہب کا استعمال کیا، اگر عمران خان کوئی فائدہ نہ لیتے تو190ملین پاؤنڈ سیدھا قومی خزانے میں جاتا،پی ٹی آئی کو سزا چیلنج کرنی ہے تو ضرور کرے ،پی ٹی آئی والے خود بند کمروں میں کہتے ہیں کہ 9 مئی اور 190ملین پائونڈزمضبوط کیس ہیں۔