پی ٹی آئی احتجاج پاکستان سےچیمپئنز ٹرافی کے میچ چھیننے کی سازش : خواجہ آصف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں 8 فروری کو جلسے اور 19 فروری کو لانگ مارچ کے اعلان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ملک دشمنی قرار دیا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے 8 فروری کو لاہور میں جلسے کی اجازت مانگی ہے جبکہ اسی دن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلا میچ شیڈول ہے ۔ اسی طرح پی ٹی آئی کی جانب سے 19 فروری کو لانگ مارچ کی کال دی گئی ہے جبکہ یہ وہ دن ہے جب پاکستان میں ٹرافی کا پہلا میچ کھیلا جانا ہے ۔وزیر دفاع نے ان اعلانات کو پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کے میچز چھیننے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں تنہا اور شرمندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ان کا کہنا تھا عمران خان صرف اپنے سیاسی مفادات کے لیے اس حد تک گر سکتے ہیں جس کا شاید ان کے حمایتیوں کو بھی اندازہ نہیں تھا۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہاہے فوج پی ٹی آئی کے ساتھ بالکل بھی مذاکرات میں شامل نہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا علی امین گنڈا پور سے پوچھیں کہ 80 فیصد باتیں کس سے طے ہوئی ہیں، میرے نزدیک تو ان کی باتیں محسن نقوی سے ہی طے ہوئی ہوں گی، ان کی حکومتی ارکان میں سے کسی سے ملاقات نہیں ہوئی ۔رانا ثنا نے کہا میری اطلاع کے مطابق محسن نقوی کے آگے ان کی بات کسی سے نہیں ہوئی۔ سینئررہنمامسلم لیگ(ن)سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے آرمی چیف کے نام عمران خان کا نام نہاد خط ان کی پرانی افسوسناک سوچ کی ترجمانی کرتا ہے ، اس خط کا کوئی جواب آنا تو دور کی بات ، رسید بھی نہیں آئے گی۔ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ خط ابھی تک نہ کسی نے دیکھا نہ پڑھا، پتا نہیں کس کبوتر کی چونچ میں ہے اور وہ کب کس منڈیر پر اترے گا۔عرفان صدیقی نے انکشاف کیاکہ عمران خان نے آرمی چیف کے نام ایک خط 2023 کے اوائل میں بھی لکھا تھا جو صدر عارف علوی کے ذریعے آرمی چیف کو بھیج دیا گیا تھا لیکن اس کی بھی رسید آئی نہ جواب۔انہوں نے کہا عمران خان کو جان لینا چا ہئے ان کی جماعت کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے سنجیدہ مذاکرات کا راستہ،بے مقصد خطوط نویسی سے انہیں پہلے کچھ ملا نہ اب ملے گا۔