ساری دنیا کرپٹ مگر صحافت ایماندار ہو تو سب ٹھیک :خواجہ آصف

ساری دنیا کرپٹ مگر صحافت ایماندار ہو تو سب ٹھیک :خواجہ آصف

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں لوگ بولتے ہیں تو کوشش کرتے ہیں اصل چہرہ نہ پہچانا جائے ۔

تمام ادارے برباد ہو جائیں صحافت آزاد رہے تو حالات ٹھیک ہو سکتے ہیں صحافت کو غیر جانبدار اور آزاد رہنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو علی فرقان کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر دفاع نے کہا ساری دنیا کرپٹ ہوجائے لیکن صحافت ایمان دار ہو تو سب ٹھیک ہوجائے گا، تمام ادارے برباد ہوجائیں لیکن صحافت آزاد ہو تو سب بہتر ہو جائے گا، اگر صحافت برباد ہوجائے تو کچھ نہیں بچتا۔انہوں نے کہا پی ٹی وی ایک قصیدہ گو بن چکا ہے ، ماضی میں بہت بہتر تھا۔انہوں نے کہا میری آزادی اظہار کا حق سلب کیا جاتا ہے جب ایسی سینسر شپ ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا صحافی مورخ ہیں لیکن حالات حاضرہ لکھیں ،آٹھ فروری سے نومئی کے دوران جو حالات رہے اس پر بات نہیں کروں گا اس سارے جنجال میں گنجل پڑے ہونگے وہ مورخ کھولیں گے ۔ سابق گورنر ووزیراعلیٰ پختونخوا سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا لوگ کتابیں پڑھنا چھوڑ چکے ہیں آج کے دور میں ایک اچھا قدم ہے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آٹھ فروری سے نو مئی تک بہت اہم سیاسی حالات رہے ہیں،گزشتہ چالیس سال میں غلطیاں ہوئی ہیں ،ہمیں غلطیوں کا اعتراف کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا ملک میں جمہوریت کا مستقبل بڑا تاریک ہے ،میڈیا بھی آئندہ سچ بولنے کے قابل نہیں رہے گا۔سابق وزیر اعظم وعوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ملک کو ٹروتھ کمیشن کی ضرورت ہے ، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد تو کچھ رہا نہیں ہے ، 8 فروری ہو یا 9 مئی کے دن ہوں نقصان تو ملک کا ہی ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا 2018 اور آٹھ فروری 2024 کو متنازعہ الیکشن ہوئے ، فکر کرنے کی ضرورت ہے کس طرف ملک کے حالات جارہے ہیں۔جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے کہاپاکستان سیاسی جماعتیں اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں ،میں اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتا ہوں، ساری سیاسی جماعتیں اور ادارے غلطیوں کا اعتراف کرکے توبہ کریں، قوم کی خاطر سوچیں،ساری سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔محمود اچکزئی نے کہاہمارا خطہ خطرناک حالت میں ہے اگر خطہ جنگ میں گیا تو پھر کوئی اور فیصلہ کرے گا،سیاسی اکابرین اور افواج سمیت کل جماعتی کانفرنس بلا ئی جائے ۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی اچھا ہے یا برا آٹھ فروری کا الیکشن پی ٹی آئی جیت چکی ، الیکشن پر ڈاکا مارا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں