پریس ریلیزجاری کرنیوالوں کا علاج تھپڑہے :فواد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ جو لوگ آج تحریک انصاف کا حصہ ہیں اوروہ کہتے ہیں آپ نہیں ہیں،تو یہ لوگ مجھے بتائیں پنجاب میں اس وقت مجھ پر48 کیسز ہیں، ای سی ایل میں میرا نام شامل ہے۔۔۔
اکاؤنٹس میرے بند ہیں،یہ سب کچھ سلمان اکرم راجا پر کیوں نہیں؟ ،شیخ وقاص کے پی میں کیوں آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں، رؤ ف حسن 15 دن جیل میں رہے بعد میں وہ رہا ہوگئے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ سوال مجھے تو ان سے پوچھنا چاہئے ،آپ اسٹیبلشمنٹ کا حصہ ہیں یا تحریک انصاف کا ؟،جس طرح انہوں نے پریس ریلیز جاری کی ہے ،ان کا علاج یہی ہے کہ ان کو تھپڑمارا جائے ،یہ لوگ ان ہی حرکتوں کی وجہ سے تھپڑ کھاتے ہیں ، آج بھی میں تحریک انصاف کا حصہ ہوں،اگرمیں ڈگمگا جاتا تو آج میں فیڈرل منسٹر اور عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ ہوتا۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت عوامی آدمی ہیں، شیر افضل مروت تحریک انصاف کاحصہ ہے ،وہ حصہ رہے گا، مروت کو جہاں میری ضرورت ہوگی میں ان کا ساتھ دوں گا ۔پی ٹی آئی میں لوگ دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کررہے ہیں ،یہ سارے لوگ کمپرومائزڈ ہیں۔ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ انسان کو خطا کا پتلا کہا گیا ہے ،عمران خان میرٹ پر فیصلے کرتے ہیں لیکن کچھ فیصلے بعد میں عمران خان سے تبدیل کروائے گئے ۔مخصوص لوگ عمران خان کے پاس جاتے ہیں تو واردات ڈالتے ہیں۔عمران خان اس وقت جیل میں ہیں،اگر باہر ہوتے تومیں رکنیت چھوڑنے کاان کے سامنے اعلان کرتا۔