سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان سمیت 11 افسروں کی گریڈ 22میں ترقی
اسلام آباد (نیوزرپورٹر)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی صدارت میں ہونے والے ہائی پاور بورڈاجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان، ڈائریکٹر جنرل پوسٹ آفس سمیع اللہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ڈاکٹر محمد نواز سمیت گیارہ افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دے دی گئی۔
ہائی پاور بورڈ کے دوسرے مرحلے کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں انفارمیشن سروس گروپ، سیکرٹریٹ سروس گروپ، اکنامسٹ سروس ،آڈٹ اینڈ اکائونٹس سروس گروپ،ریلوے سروس گروپ، پوسٹل سروس گروپ کے گریڈ21 کے 11 افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی ، ہائی پاور بورڈ اجلاس میں جن افسران کو ترقی دینے کی منظوری دی گئی ان میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان ، سیکرٹریٹ گروپ کے وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرا چو دھری، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابط ڈویژن ظہور احمد، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ڈاکٹرنواز احمد، حماد تمیمی،محمد ا سلم غور ی ، وفاقی سیکرٹری وزارت ریلوے سید مظہر ،آڈٹ اینڈ اکاونٹس سروس گروپ کے شہزاد حسن،سید محمد عمار نقوی ،اکنامسٹ گروپ کے ڈاکٹر امتیاز احمد اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ آفس و پوسٹل سروس گروپ کے سمیع اللہ خان شامل ہیں ۔ ان لینڈ ریونیو سروس گروپ اور کسٹم سروس گروپ کے افسران کی ترقی کا کیس حکم امتناعی کے باعث موخر کر دیا گیا ۔ دریں اثنا چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن و سینٹرل سلیکشن بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر ) اختر نواز ستی کی زیر صدارت آج ہونے والے اجلاس میں وفاق کے چار سروس کیڈر کے افسران کوگریڈ 20 اور 21 میں ترقی دینے کی منظوری دی جائے گی، سی ایس بی اجلاس 14 مارچ تک جاری رہے گا جس میں وفاق کے 12 سروس کیڈر سمیت ایکس کیڈر افسران کوگریڈ 20 اور 21 میں ترقی دی جائے گی، سی ایس بی کے آج ہونے والے اجلاس میں فارن سروس، انفارمیشن سروس ،پوسٹل سروس اور سیکرٹریٹ سروس گروپ کے افسران کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کا فیصلہ کیا جائے گا، سی ایس بی کے کل( 12مارچ ) کے اجلاس میں آڈٹ اینڈ اکا ئونٹس سروس ،ان لینڈریونیو و کسٹم سروس ، وزارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے افسران کی ترقی کا فیصلہ کیا جائے گا۔