پی آئی سی سے چوری ہونیوالی ادویات زائد المعیاد ہونیکا انکشاف

لاہور(سجاد کاظمی سے )لاہور کے سات ہسپتالوں کی ادویات چوری کے معاملہ میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔پی آئی سی لاہور سے چوری ہونے والی ادویات زائد المعیاد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایکسپائر ڈ ادویات تاریخ تبدیل کرنے کے لیے گودام میں رکھی گئی تھیں ۔ پولیس کی جانب سے تاحال سرکاری ملازمین کے ملوث ہونے کی تفتیش میں پیش رفت سامنے نہیں آسکی ۔چوری ہونے والی میڈیسن میں سب سے زیادہ میڈیسن پی آئی سی لاہور کی برآمد ہوئی ہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے پی آئی سی سے ایکسپائر ڈ ادویات بڑے پیمانے پر چوری ہورہی ہیں حالانکہ کمپنی کو خط لکھ کر ایکسپائر ڈ ادویات کے بارے اطلاع دی جاتی ہے ۔دوسری طرف پی آئی سی کے سٹور اور پرچیز کے عہدوں پر کرپشن کے الزامات میں ملوث اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کرپشن میں ملوث پرچی کلرک احمد خلیل کو پرچیز آفیسر تعینات کیا گیا ہے ، ماضی میں احمد خلیل پر متعدد انکوائریاں چلتی رہی ہیں اور قصوروار ہونے پر اسے پرچیز ڈیپارٹمنٹ سے تبدیل کیا گیا تھا۔ اسی طرح کرپشن الزامات میں پرچیز ڈیپارٹمنٹ سے نکالے گئے کلرک اشتیاق عرف بھولا کو بھی ماڈل فارمیسی کا پرچیز ڈیپارٹمنٹ سونپ دیا گیا ہے ۔کرپشن الزامات پر جناح ہسپتال سے نکالے جانے والے ڈاکٹر طیب بٹ کو بھی ہسپتال انتظامیہ نے ڈسپوزیبل سٹور کا انچارج تعینات کردیا ہے ۔ ڈاکٹر طیب بٹ کو محکمہ صحت نے پیراسائٹ کے طور پر گزشتہ سال جناح ہسپتال سے سرنڈر کیا تھا۔ماضی میں لوکل پرچیز کی مد میں ہسپتال کے خزانے کو نقصان پہنچانے والے ڈاکٹر مسعود نواز کو اے ایم ایس سٹور تعینات کردیا گیا ہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی)پروفیسر بلال محی الدین کا کہنا ہے کہ اگر یہاں کرپٹ لوگ لگے ہیں تو محکمہ صحت نے ان کا پی آئی سی میں تبادلہ کیا ہے ۔ اگر یہ کرپٹ ہیں تو حکومت کو چاہئے ایسے کرپٹ افراد کو تبادلے کی بجائے ان کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ ہم عہدوں پر لگانے کے لیے بندے کہاں سے لائیں۔ دوسری جانب ادویات چوری کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے ہسپتالوں کی ادویات کی چوری میں ملوث گروہ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیاہے ۔چوری شدہ ادویات میں نجی ہسپتالوں کی ادویات کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ محکمہ صحت کیس کا مکمل فالو اپ کرے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاہسپتالوں کی ادویات کی چوری مجرمانہ فعل ہے اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔