عمران کو عدالت رہاکرے تو حکومت کو اعتراض نہیں:رانا ثنا

لاہور (دنیا نیوز)وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت رہا کرتی ہے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں،بانی پی ٹی آئی عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل چا ہتے ہیں۔
وہ سیاسی برادری کے ساتھ ڈیل کو تیار نہیں ، راستہ سیاسی برادری کے ساتھ بیٹھ کر ہی معاملہ طے کرنے میں ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی نے متعدد بار کہا اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتا ہوں، ہم نے تو بڑی محنت کر کے مذاکرات کو آگے بڑھایا تھا ،بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کو چلنے ہی نہیں دیا، سیاست دان بیٹھیں گے تو معاملات حل ہوں گے ۔ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم ریاست کے ساتھ کھڑی ہے ۔سانحہ جعفر ایکسپریس پر جو پروپیگنڈا بھارت نے کیا، وہی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے کیا، اگر بانی مقبولیت کے گھمنڈ میں ریاست کے خلاف رویہ اپنائیں گے تو مقبولیت ہوا کی طرح اڑ جائے گی۔ علی امین گنڈا پور نے سیاسی ضروریات کے تحت اجلا س سے باہر آکر اور بات کی،انہوں نے اجلاس میں مکمل تائید اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا ذاتی خیال تھا بانی جیل نہیں کاٹ سکیں گے ، بانی نے جیل کاٹی ، مزاحمت کر رہے ہیں اس لئے مقبولیت حاصل ہے ، بانی سیاسی طور پر نہیں مزاحمت کی وجہ سے مقبول ہیں۔قبل ازیں ایک ٹی وی پروگرام میں ان کاکہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی کو حکومت نے نظر بند نہیں کیا ہوا، وہ اپنے مقدمات کی وجہ سے جیل میں ہیں،وہ اپنی ضمانت ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ سے کرواسکتے ہیں۔ان کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں آپریشن ہورہا ہے ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کبھی نہیں رکے ،یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔