حکومت رجسٹرڈافغانیوں کوہراساں نہ کرے :اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان میں مقیم رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو مبینہ ہراساں کرنے کیخلاف کیس میں حکومت کو درخواست گزار افغان مہاجرین کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی اورحکم دیا کہ 27 جولائی 2024 کے نوٹیفکیشن کے مطابق قانون پرسختی سے عملدرآمد کیاجائے ۔
جسٹس انعام امین منہاس نے افغان مہاجرین جلال الدین و دیگر کی درخواست نمٹانے کافیصلہ جاری کردیا۔فیصلہ میں کہاگیا کہ درخواست گزار کے مطابق حکومت پاکستان نے خود بطور مہاجر رجسٹر کیا،درخواست میں درخواست گزار کو کارڈ کے زائدالمیعاد ہونے تک ہراساں کرنے اور زبردستی بے گھر کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میں قیام کی مدت 30 جون 2025 تک ہے ،نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت قانون پر سختی سے عمل کرے ،اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایات کیساتھ درخواست نمٹا دی۔