اصلاحات کا مقصد مؤثر انصاف یقینی بنانا،صرف مقدمات کا بوجھ کم کرنا نہیں:چیف جسٹس

اصلاحات کا مقصد مؤثر انصاف یقینی بنانا،صرف مقدمات کا بوجھ کم کرنا نہیں:چیف جسٹس

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا سائلین انصاف کے نظام کے بنیادی سٹیک ہولڈرز ہیں، سائلین سے عزت و وقار کے ساتھ پیش آنا عدالتی ادارے کی انصاف سے وابستگی اور مثبت عوامی تاثر کو مزید مضبوط کرتا ہے ،اصلاحات کا مقصد سائلین کو بروقت اور مؤثرانصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کے دوران کیا، سپریم  کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عوام کو انصاف تک رسائی کو مزید وسعت دینے کی کوششوں کے تحت چیف جسٹس یحیی آفریدی کی مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس ہوا،اجلاس میں سپریم کورٹ کے رجسٹرارسلیم خان،ڈائریکٹر جنرل فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی،سیکرٹری قانون و انصاف کمیشن سیدہ تنزیلہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف جسٹس نے جاری عدالتی اصلاحات کا جائزہ لیا اور عدالتی طریقہ کار کی ڈیجیٹلائزیشن، آسان رسائی، احتساب اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔چیف جسٹس نے کہا اصلاحات کا مقصد صرف مقدمات کے بوجھ کو کم کرنا نہیں بلکہ سائلین کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ، سائلین انصاف کے نظام کے بنیادی سٹیک ہولڈرز ہیں، سائلین کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ پیش آنا عدالتی ادارے کی انصاف سے وابستگی اور مثبت عوامی تاثر کو مزید مضبوط کرتا ہے ۔ دوران اجلاس اب تک حاصل کیے گئے نمایاں اہداف پر روشنی ڈالی گئی، اجلاس میں ای فائلنگ نظام کے کامیاب عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے عدالتی عمل کو مزید شفاف اور قابل رسائی بنانے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انضمام اور نئے میکانزم کے قیام پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں