حکومتی دعوئوں کے باوجود گردشی قرضہ بے قابو،2ماہ میں 147 ارب کا اضافہ
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) وفاقی حکومت دعوے کے باوجود شعبہ توانائی کے گردشی قرضے کو قابو نہ کرسکی ۔ روزنامہ دنیا کو دستیاب دستاویزات کے مطابق رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران گردشی قرضے میں 147 ارب روپے کا اضافہ ہوا ۔
فروری 2025 تک گردشی قرض 2531 ارب پر پہنچ گیا ۔ اسی 2531 ارب روپے میں وفاقی حکومت نے 1765 ارب روپے بجلی کی پیداواری کمپنیوں کو ادا کرنے ہیں۔ حکومت نے سرکاری جنکوز کو تیل سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو 82 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ پبلک ہولڈنگ کمپنیوں کی مد میں 683 ارب روپے دینے ہیں ۔ جنوری 2025 میں پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2444 ارب روپے تھا جو دسمبر 2024 کے مقابلے پچاس ارب روپے بڑھا تھا ۔ جنوری کے مقابلے میں فروری کے دوران گردشی قرض میں 138 ارب روپے کا اضافی ہوا۔