شیخوپورہ،پتوکی،کرک میں حادثات،17افرادجاں بحق،13زخمی

شیخوپورہ،پتوکی،کرک (ڈسٹرکٹ رپورٹر، تحصیل رپورٹر،نیوزایجنسیاں)شیخوپورہ،پتوکی اور خیبر پختونخوا میں کرک کے قریب ٹریفک حادثات میں17افراد جاں بحق ،13زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق چودھری مل سٹاپ شیخوپورہ لاہور روڈپر ڈمپر کی رکشہ کو ٹکرسے 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ۔ڈمپر ڈرائیورنے رکشے کو بیک سائیڈ سے ہٹ کیا اور فرار ہو گیا، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت 53 سالہ منیر ،51 سالہ نعمت اور 74 سالہ عارف سے ہوئی، زخمی افراد کی شناخت 57 سالہ نواز،42 سالہ نواز، 22 سالہ برہان،43 سالہ ساجدہ بی بی اور 38 سالہ حاجی نوید سے ہوئی۔ کال موصول ہوتے ہی ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں کا فوری ریسپانس، 2 زخمیوں کو موقع پر فرسٹ ایڈ اور 3 شدید زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد ہسپتال شفٹ کر دیا اورلاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا۔شیخوپورہ میں بارات سے پتوکی واپس آنے والا کیری ڈبہ ہیڈ بلو کی روڈ پر موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ گیا جس سے دوافرادجاں بحق اور 4 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔ حادثہ کیری ڈبہ کا ٹائر بلاسٹ ہونے سے پیش آیا ۔حادثے میں موٹر سائیکل سوار 29 سالہ دو بچوں کا باپ عثمان اور نامعلوم شخص زندگی ہار گئے ۔
لاشوں اور زخمی بچے کوقریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔خیبر پختونخوامیں کرک شہر کے قریب انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں ماں بیٹی سمیت 12مسافر لقمہ اجل بن گئے جبکہ 7 شدید زخمی ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں، لکی غنڈکی کے قریب میران شاہ سے پشاور جانے والی مسافر کوچ مخالف سمت سے آنے والے منی کنٹینر سے ٹکراگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کوچ کا اگلا حصہ منی کنٹینر کے نیچے آگیا جس سے کئی مسافر جاں بحق اور زخمی ہوکر پھنس گئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 اہلکار اور مقامی افراد جائے وقوعہ پہنچ گئے ،جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک پہنچایا۔ حادثہ میں ماں اور بیٹی سمیت 10 افراد موقع پر جاں بحق اور 7 دیگر شدید زخمی ہوگئے ،بعدازاں پشاور لے جاتے ہوئے مزید2زخمی جان کی بازی ہارگئے ،جاں بحق ہونے والوں میں ماں بیٹی اورکمسن بیٹے کے علاوہ باپ بیٹا بھی شامل ہیں،ریسکیو 1122 کے انچارج عاطف سردار کے مطابق جن افراد کی شناخت ہوگئی ہے ان میں کوچ ڈرائیور نیک ولی، نسیم اللہ ولد نیاز اور اسکا والدمحمدخان ، پیر ملاخان ولد رحمن،بصیر اللہ ولد ہمایوں خان،مستی خان ولد حبیب اللہ، مسماۃ (م)زوجہ حواس خان ،آصفہ زوجہ سعداللہ اور اس کا کمسن بیٹا عقل سعد اورایک بچی افشان شامل ہیں جن کا تعلق میران شاہ سے بتایاجاتا ہے ، حادثہ میں جاں بحق افراد کی میتیں انکے آبائی علاقے شمالی وزیرستان پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا، رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہرآنکھ آبدیدہ ہوگئی۔ ادھر حادثہ کے بعد موقع سے فرار ہونے والے منی کنٹینر کے ڈرائیور کو کرک پولیس نے گرفتار کر لیا ۔